شہباز شریف حکومت نے ظلم و جبر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ترجمان جے یو آئی
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کا گھر اہلخانہ کو نکال کر سیل بیٹا گرفتار
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو اہل خانہ کو گھر سے باہر نکالنے کے بعد سیل کردیا گیا، جبکہ ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کارروائی مکمل کرلی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دی، جس کے بعد عمارت کو سیل کردیا گیا۔
سی ڈی اے کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق گھر کے مالک امان اللہ کے رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی تھی کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرایا،کوئی تحریری نوٹس نہیں دیاگیا،جے یو آئی رہنماشاہدہ اختر علی
انتظامی کارروائی کے دوران مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا اور پولیس کے اہلکار الرٹ رہے۔ مقررہ وقت میں اہل خانہ کی روانگی کے بعد علاقہ مجسٹریٹ نے اپنی ٹیم کی موجودگی میں گھر کو سیل کرنے کی کارروائی کو حتمی شکل دی۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ کے مالک کو ضابطے کے تحت 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش نہ ہونے پر الاٹمنٹ منسوخی اور گھر سیل کرنے کا یہ فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان نے کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ سیل کردی۔ ترجمان نے مولانا اسعد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور صبر و تحمل سے حالات کا مقابلہ کریں۔ ترجمان جے یو آئی کے مطابق کارکن پارٹی قیادت کی آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔