ایلون مسک کا ہر امریکی بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دینے کا اعلان


اسپیس ایکس کا کہنا ہے کہ مسک اپنی طرف سے اتنے ہی شیئرز دیں گے جتنے کمپنی عطیہ کرے گی۔


شائع

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی ارب پتی ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دینے کا اعلان کیا ہے۔

مسک نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ہر بچے کو ایک شیئر کمپنی کی جانب سے اور دوسرا وہ اپنی ذاتی ملکیت سے دیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مسک کے اعلان سے قبل اسپیس ایکس نے بدھ کو اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ کمپنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹرمپ اکاؤنٹس پروگرام میں شامل ہر فعال اکاؤنٹ کے لیے اپنے نئے جاری کردہ ’کلاس اے کامن اسٹاک‘ کا ایک شیئر دے گی۔

اسپیس ایکس نے یہ بھی بتایا تھا کہ مسک اپنی طرف سے اتنے ہی شیئرز دیں گے جتنے کمپنی عطیہ کرے گی۔

تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مسک کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز بھی ٹرمپ اکاؤنٹس کے ذریعے بچوں کو منتقل کیے جائیں گے یا ان کی تقسیم کا کوئی الگ طریقہ ہوگا۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ بچوں کو ملنے والے شیئرز فروخت کرنے پر کوئی پابندی ہوگی یا نہیں۔

واضح رہے کہ مسک نے گزشتہ ماہ بھی امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس کا ایک شیئر دینے کا وعدہ کیا تھا۔

19 اکتوبر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلے سال ہر امریکی بچے کو اپنی ملکیت میں سے ایک شیئر دیں گے اور یہ اس سلسلے کے کئی اقدامات میں پہلا ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کمپنیوں کے شیئرز براہ راست عوام کو دینا انہیں مستقبل کی معیشت میں حصہ دار بنانے کا ایک طریقہ ہے۔

ٹرمپ اکاؤنٹس امریکی بچوں کے لیے متعارف کرائے گئے ٹیکس میں رعایت والے سرمایہ کاری کھاتے ہیں جن کا مقصد ان کے مستقبل کے لیے بچت اور سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بچوں کے نام پر کھولے گئے اکاؤنٹس میں سرمایہ جمع کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ بڑے ہونے پر اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس سے قبل اکتوبر میں اسپیس ایکس کی صدر گوین شاٹ ویل اور ان کے شوہر نے بھی ٹرمپ اکاؤنٹس پروگرام کے تحت 20 لاکھ سے زائد بچوں کو اسپیس ایکس کا ایک ایک شیئر دینے کا وعدہ کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں