شائع
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 28 نومبر 2026 سے 30 نومبر 2026 تک ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 312 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل 313 روپے فی لیٹر تھی۔ اس طرح صارفین کو فی لیٹر ایک روپے کا ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 346 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔
