فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے گوہالن اوڑی گاؤں میں جمعہ کی دیر شام ایک دلخراش سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ 11 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب رجسٹریشن نمبر JK01P-2583 والی ٹاٹا سومو گاڑی گوہالن کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ گاڑی میں سوار پانچوں افراد زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال اوڑی منتقل کیا۔
اسپتال میں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود چار افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ سید شفیق شاہ ولد سید مدد حسین شاہ، ان کی 25 سالہ اہلیہ رشیدہ بانو، 17 سالہ دلناز فاطمہ دختر سید مدد حسین شاہ اور 27 سالہ شاہدہ فاطمہ دختر عابد حسین شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والی 11 سالہ مناز فاطمہ دختر سید مدد حسین شاہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔
ایک ہی خاندان کے چار افراد کی المناک موت کی خبر پھیلتے ہی پورے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ مقامی لوگوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔