پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں کرانے کا اعلان


پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کی بھی پہلے دن سے خواہش تھی کہ پی ایس ایل پشاور میں ہو، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پریس کانفرنس


شائع

پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 سے ہوگا۔ تصویر: پشاور زلمی رائٹرز
پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 سے ہوگا۔ تصویر: پشاور زلمی رائٹرز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے 12 ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 12 سال بعد اپنا پہلا میچ اور افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد کرے گا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 کو ہوگا۔ ایورنٹ میں 46 روز میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل دو مئی 2027 کو ہو گا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے میچز پانچ سے چھ شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا کہ پشاور میں صرف ایک میچ نہیں بلکہ اور بھی میچ ہوں گے جس کی تاریخ اور دیگر تصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کی بھی پہلے دن سے خواہش تھی کہ پی ایس ایل پشاور میں ہو۔ اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا نے بھی ہمیشہ کرکٹ کی بحالی پر گفتگو کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مارچ میں جب پی ایس ایل ہوگی تو نہ صرف پہلا میچ بلکہ افتتاحی تقریب بھی پشاور میں ہوگی۔ خیبرپختونخوا اور پشاور کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم کل ٹکٹ فروخت کا اعلان کردیں تو یہ ایک روز میں فروخت ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کی کرکٹ کو بحال کرنے کے لیے ہم نے تفصیلی کام کیا ہے اور کچھ عرصے میں اس حوالے سے بھی اعلان کیا جائے گا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر کو پشاور میں آتش بازی بھی کی جائے گی جب کہ جنوری میں تین ٹیموں کا ٹورنامنٹ پشاور میں کرائیں گے۔

پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان ٹیم کو بہت اچھے اسٹارز دیے ہیں۔ امید ہے کہ کرکٹ کے فروغ، اسٹریم لائن کرنے سے اس صوبے سے مزید نتائج نظرآ ئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ہم نے پشاور میں میچ کرانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ لیکن اس کا اعلان نہیں کیا تھا۔ جس کی بہت ساری وجوہات تھیں لیکن کوئی سیاسی وجہ نہیں تھی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے لیے ہم علیحدہ اکیڈمی بنا رہے ہیں۔ یہ اکیڈمی کہاں ہوگی اس حوالے سے کام جاری ہے اور آئندہ 15 روز میں اسے حتمی شکل دے دیں گے اور اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اضلاع بھی ہمارے لیے بہت اہم ہیں، جس طرح خیبرپختونخوا کے اس طرف محنت کر رہے، ہم اُس طرف بھی محنت کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اہم طاقت خیبرپختونخوا سے آ رہی ہے، ٹیم کے ہر دوسرا یا تیسرا کھلاڑی اسی صوبے سے ہے اور ہم نے کرکٹ کو یہاں مزید فروغ دینا ہے۔

محسن نقوی کے بقول جنوری میں مقامی ٹیموں کا ایک ٹورنامنٹ، پھر پی ایس ایل اور آنے والے وقت میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی کرائیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں