’جمہوریت کو ختم کرنے کے لیے حد بندی بل لایا جا رہا‘، انڈیا بلاک کی میٹنگ کے بعد کانگریس صدر کھڑگے کا بیان

پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پیش نظر ہفتہ (28 نومر) کو انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس میں آر جے ڈی، ٹی ایم سی، آئی یو ایم ایل اور آر ایس پی جیسی سیاسی پارٹیاں شامل ہوئیں جبکہ این سی پی (ایس پی) نے اس میٹنگ سے دوری بنائے رکھی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ اقتدار اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حد بندی کو جمہوریت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔

ملکارجن کھڑگے نے میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ حد بندی بل میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے مفادات کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ جمہوریت کو ختم کرنے کے لیے حد بندی بل لایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد متعلقہ ریاست کو مختص کی گئی کل نشستوں اور اس ریاست میں ایس سی-ایس ٹی کی آبادی کے تناسب کی بنیاد پر طے ہوتی ہے۔ ان کے مطابق آبادی کے تناسب سے نشستیں ہونی چاہئیں۔ اگر ایس سی-ایس ٹی کی آبادی بڑھتی ہے تو اسی حساب سے ان کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد بھی بڑھنی چاہیے لیکن اس تجویز میں اس کا کوئی التزام نہیں ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت پر مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے لیے سیاسی پارٹیوں کو توڑنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نشستوں کی تعداد بڑھا کر ہمیشہ کے لیے اقتدار میں رہنا چاہتی ہے۔ کھڑگے نے بتایا کہ انڈیا بلاک کے تمام لیڈران نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیش کیا جا رہا آئینی ترمیمی بل جمہوریت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کو اس کی مخالفت کرنی چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ انڈیا بلاک کی میٹنگ کے بعد کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ پارٹی نے میٹنگ کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے ساتھ انڈیا بلاک کے فلور لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔

اس میٹنگ میں حد بندی بل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ہمارا واضح مطالبہ ہے:

  • لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے۔

  • لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد کے مطابق خواتین کو ریزرویشن دیا جائے۔

  • آئندہ 25 سال تک لوک سبھا میں ریاستوں کے درمیان نشستوں کی موجودہ تقسیم برقرار رکھی جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں