لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چودھری شوگر ملز کیلئے شریف خاندان کی اپنی ہی کمپنیوں سے کروڑوں روپے کا قرض لینے کا انکشاف ہواہے۔نیب نے قرض دینے والی کمپنیوں کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کرادیں۔تفصیلات کے مطابق نیب نے چودھری شوگر ملز کو قرض دینے والی شریف گروپ آف کمپنیز کی تفصیلات احتساب عدالت میں جمع کروا دیں ،جس کے مطابق شریف گروپ آف کمپنیز کی 9 کمپنیوں نے چودھری شوگر ملز کو کروڑوں روپے کا قرض دیا۔رپورٹ کے مطابق چودھری شوگر ملز نے اتفاق فاؤنڈری سے 9 کروڑ سے زائد قرض لیا۔نیب کی رپورٹ کے مطابق رمضان شوگر ملز نے چودھری شوگر ملز کو 3 کروڑ 87 لاکھ سے زائد کا قرض دیا جبکہ الیاس انٹرپرائزز نے چودھری شوگر ملز کو 1 کروڑ 11 لاکھ 16 ہزار 6 سو 92 روپے کاقرض دیا اسی طرح بردارز شوگر ملز نے چودھری شوگر ملز کو 7 کروڑ سے زائد کا قرض دیا۔نیب حکام کے مطابق حمزہ سپننگ ملز نے چودھری شوگر ملز کو 58 کروڑ سے زائد کا قرض دیا۔
