ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

٭ کراچی والے ہوشیار ٭ شہر میں بدھ کو گوشت کے ساتھ پانی کا بھی ناغہ

دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر کام کے سبب شہر کو 16 گھنٹے کیلئے پانی کی فراہمی بند رہے گی
شہری کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کیلئے پانی ذخیرہ کرلیں، واٹر بورڈ حکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی والے ہو جائیں ہوشیار، بدھ کو شہر میں گوشت کے ساتھ پانی کا بھی ناغہ ہوگا، واٹر بورڈ نے شہریوں کو ایک روز پہلے ہی خبردار کردیا۔ واٹر بورڈ کے اعلامیے کے مطابق کراچی کو فراہمی آب کی بہتری کے لیے واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیے جانے والے امور کی انجام دہی کے سبب بدھ کو 16 گھنٹے کے لیے کراچی کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ واضح رہے کہ دھابیجی سے شہر کے 90 فیصد علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، واٹر بورڈ کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ضروری امور انجام دے رہا ہے اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے بھی گرڈ اسٹیشن کے مرمتی کام سرانجام دیے جائیں گے اس سبب بدھ کو صبح 11 بجے سے کراچی کو دھابیجی کے 13 پمپس سے پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ کام کے دوران کراچی کو پانی کی فراہمی معطلی کے سبب واٹر بورڈ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے پیش نظر وقت مقررہ سے قبل کام کی تکمیل کی کوشش کرے گا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے پانی ذخیرہ کرلیں، تاہم جن علاقوں میں پہلے ہی پانی نہیں آرہا تو ٹینکر سروسز سے رابطہ کریں اور پانی احتیاط سے استعمال کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں