
جے یو آئی کے دھرنے کے شرکاء نے نماز جمعہ بھی اسی مقام پر ادا کی، بدترین ٹریفک جام ہوگیا
کراچی(کرائم رپورٹر )جمعیت علماء اسلام ( ف) کی احتجاجی حکمت عملی کے تحت پلان بی کے سلسلہ میں کراچی میں حب ریور روڈ پردوسرے روز بھی دھرنا جاری رہاجس کے باعث کراچی سے بلوچستان کا زمینی راستہ منقطع اور بد ترین ٹریفک جام رہا۔دھرنے کے شرکاء نے نمازجمعہ بھی اسی مقام پرادا کی اوربعد نمازجمعہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں 30مقامات پر دھرنے ہورہے ہیں جو کامیابی کی ضمانت ہیں،انہوں نے کہاکہ ہمارا یہاں سے اٹھنے کا کوئی موڈ نہیں ہے،25جولائی کے الیکشن کی دال ساری کالی ہے، یہ تاریخ کے پہلے الیکشن تھے جس میں پوری دال کالی ہے،انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ہمارا مطالبہ ہے کہ پولنگ اسٹیشنز سے فوج کو دور رکھا جائے اورموجودہ حکومت فوری مستعفی ہو،فوری الیکشن کرانا ہمارا مطالبہ ہے۔