عالمی حالات

گوگل سروسز کی عارضی بندش پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے

گوگل کی مختلف معروف ایپس جیسے یو ٹیوب، جی میل، گوگل ڈاکس وغیرہ عارضی طور پر معطل ہوئیں تو دنیا سمیت پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس بارے میں صارفین شکایات اور تبصرے کرنے لگے۔

تاہم یہ عارضی بندش 30 سے 40 منٹ کے درمیان تھی اور بعد میں تمام سروسز مکمل طور پر بحال ہو گئیں۔

رد عمل دیکھتے ہوئے یہ واضح تھا کہ یہ بندش دنیا بھر میں ہوئی ہے اور اس میں جی میل، گوگل ڈرائیو، پلے سٹور، میپس وغیرہ سب متاثر ہوئے تھے۔ تاہم گوگل کی سب سے اہم سروس، ان کا سرچ انجن اس بندش سے متاثر نہیں ہوا تھا۔

گوگل

اس کے علاوہ گوگل سے منسلک دیگر سروسز جیسے گوگل ہوم بھی اس سے متاثر ہوا اور چند صارفین نے اس پر کہا کہ وہ اپنے گھر میں گوگل ہوم سے چلنے والی بتیاں بھی نہیں بجھا یا چلا پا رہے ہیں۔

شروع میں اس بندش کے دوران گوگل کے ڈیش بورڈ پر اس بارے میں کوئی نشاندہی نہیں تھی کہ ان کی سروس معطل ہوئی ہے، لیکن بعد میں یہ واضح ہو گیا کہ کچھ خرابی ہوئی ہے۔

گوگل کی جانب سے دیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ ‘ہمیں اس مسئلے کا علم ہے اور متاثرہ صارفین اس وقت جی میل اور دیگر سروسز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔’

تاہم کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ خرابی کیا تھی اور کیسے ہوئی۔ گوگل کے ترجمان کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔

گوگل کی سروسز میں اس نوعیت کی بندش شاذ و نادر ہی ہوتی ہے اور آخری دفعہ ایسا جون 2019 میں ہوا تھا جب امریکہ میں چند صارفین متاثر ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر رد عمل

صارف جو براؤن لکھتے ہیں کہ ‘میں اپنے نومولود بچے کے کمرے میں تاریکی میں بیٹھا ہوا ہوں کیونکہ اس کمرے کی بتی گوگل ہوم سے کنٹرول ہوتی ہے۔ میں کافی کچھ سوچنے پر مجبور ہوں۔۔۔’

صحافی شہریار مرزا نے اس بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اب گوگل تو ختم ہو گیا ہے، کوئی مجھے بتا سکتا ہے کہ میں اپنی زندگی کو کہاں لے جاؤں؟

ٹیکنالوجی انٹرپرنیور شاکر حسین نے سوال اٹھایا کہ لگتا ہے کہ خلائی مخلوق باالآخر پہنچ گئی ہے اور گوگل کی سروسز ختم کرنا ان کی زمین پر 87ویں جنییرشن وار فئیر کا حصہ ہے۔

ایک اور صارف اسد ناصر نے پاکستان میں ماضی میں یو ٹیوب کی بندش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کے عوام دنیا سے کہیں آگے ہیں اور وہ آرام سے ڈیلی موشن استعمال کریں گے، جب پوری دنیا پریشان ہو رہی ہوگی۔’

ظل الہی نامی صارف نے اس بندش پر بس ایک ہی جملہ لکھا کہ ‘گوگل بھی ڈاؤن۔ کیا دن آ گئے ہیں۔’

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button