سزا یافتہ مجرم سے تقریر کرانا افسوسناک ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ججز کانفرنس میں سزا یافتہ مجرم سے تقریر کرانا افسوسناک ہے۔ بدھ کو کامیاب نوجوان پروگرام کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کل ہر طرف ٹیپس نکل رہی ہیں، ججز کے نام آرہے ہیں، یہ سب ڈراما ہے، 25 سال پہلے جب سیاست میں آیا تھا تو کہا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، جس ملک کے حکمران پیسہ چوری کریں وہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔عمران خان نے کہا کہ2016 ء میں پاناما کیس میں نوازشریف کانام بھی آیا ، جب کیسز چلے تو وہ نااہل ہوگئے اور آواز آئی مجھے کیوں نکالا، آپ مجھے صرف اتنا بتا دیں کہ لندن میں 4 فلیٹ کہاں سے لیے، نواز شریف کو عدالت نے سزا دی اور وہ برطانیہ بھاگ گئے، اب ججوں اور فوج کے خلاف مہم چلارہے ہیں ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب چوری کو برا نہیں سمجھا جاتا، جس قوم کی اخلاقیات ختم ہوجائے یا ان میں اچھے برے کی تمیز ختم ہوجائے وہ قوم ختم ہوجاتی ہے، مدینہ کی ریاست کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی گئی تھی،جب تک اخلاقی اقدار بہتر نہیں کرتے ، ترقی نہیں کرسکتے۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان ڈار نے محنت کے ساتھ جنون سے کام کیا، بہت سے لوگ سمجھتے تھے کہ کچھ نہیں ہوگا لیکن عثمان محنت کرتا رہا، کامیاب جوان پروگرام ہمارے منصوبوں میں سب سے زیادہ کامیاب ہوگا۔ انہوں نیبتایاکہ 9سال کا تھا تو اپنی والدہ کے ساتھ لاہور اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ دیکھنے گیا تھا، اپنی والدہ کو کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹر بننا چاہتا ہوں، سب نے مجھے کہا کہ تم ٹیسٹ کرکٹر نہیں بن سکتے، میں نے محنت کی غلطیوں سے سیکھا اور اللہ نے مجھے کامیابی عطا کی۔ان کا کہنا تھاکہ شوکت خانم اسپتال بنانے لگا تو کہا گیا کہ اسپتال نہیں بن سکتا، پھر نمل یونیورسٹی بنائی تو کہا دیہات میں کوئی پڑھانے نہیں آئے گا، سیاست میں آیا تو 14سال تک میرا مذاق اڑایا گیا، لوگ کہتے تھے 2پارٹی سسٹم میں تیسری پارٹی نہیں آسکتی، پھر جب میں اقتدار میں آگیا تو کہا گیا کہ کامیاب نہیں ہوسکتے، کوئی بھی انسان آج تک محنت کیے بغیر کامیاب نہیں ہوا، کوئی بھی انسان شارٹ کٹ کے ذریعے کامیاب نہیں ہوسکتا، بڑی سوچ رکھنے والا شخص ہی بڑا آدمی بن سکتا ہے، کامیاب وہ شخص ہوتا ہے جو بڑی سوچ اور بڑا خواب رکھتا ہے اور پھر ہار نہیں مانتا، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر انسان اوپر چلا جاتا ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں اس ملک کا مستقبل ہے، انسان تب ہی کامیاب ہوتا ہے جب وہ برے وقت سے سیکھتا ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا پر مشکل وقت آیا ہوا ہے، یہ سب کورونا کی وجہ سے ہوا لیکن ہم پاکستانی معیشت کو بہتری کی طرف لے کر گئے، ہماری پالیسی کی تعریفیں دنیا میں دی گئیں، پاکستان میں پہلی بار گھر بنانے کے لیے حکومت سود کے بغیر قرضے دے گی، صحت انصاف کے ذریعے عوام 7 سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی اسپتال میں کراسکیں گے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں