ہریتھک کے والد راکیش روشن کا اداکارہ میرا کی سالگرہ پر پیغام وائرل
لاہور: بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کے والد راکیش روشن نے پاکستانی فلم اسٹار میرا کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔
اداکارہ میرا نے 12 مئی کو لاہور کے یتیم خانے میں معصوم بچوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منائی جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کیں۔
میرا نے یتیم خانے کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، اُن کے ساتھ اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا اور اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا بہت شُکر بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ سالگرہ میرے لیے بہت خاص ثابت ہوئی کیونکہ میری چھوٹی سی کوشش کی وجہ سے معصوم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ آئی اور وہ میری خوشی میں خوش ہوئے۔
اُنہوں نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں غربت کا شکار بہت سے بچوں کو اپنے ہی والدین کے ہاتھوں تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے اُن بچوں کی ذہنی صحت پر منفی اثر پڑتا ہے۔
میرا نے کہا کہ مغربی ممالک کی حکومتیں خود ایسے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ادارے قائم کرتی ہیں جبکہ پاکستان میں چند این جی اوز ہی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میری دُعا ہے کہ پاکستانی حکومت بھی گھریلو تشدد کا شکار اور یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اُٹھائے تاکہ ہمارے ملک کے ہر بچے کا مستقبل روشن ہو۔
میرا کی اس پوسٹ پر جہاں اُن کے مداحوں نے اُنہیں سالگرہ کی مبارکباد دی تو وہیں سرحد پار بھارت سے راکیش روشن نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔
راکیش روشن نے میرا کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ سالگرہ مبارک ہو، آپ ہمیشہ خوش رہو۔