جماعت اسلامی اقامت دین کے کام میں مصروف ہے، ممتاز سہتو
نواب شاہ ( نمائندہ جسارت )جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نہ تو دوسری جماعتوں کی طرح موروثی جماعت ہے اور نہ ہی لسانی و فرقہ واریت پر یقین رکھتی ہے بلکہ یہ اپنے قیام کے بعد اسلامی اور جمہوری روایات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ وہ یہاں اسلامک ہال میں جماعت اسلامی کے نئے ضلعی امیر طارق جاوید آرائیں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے امیر ضلع سرور احمد قریشی، کنور راشد مکرم ، سردار احمد ، نواب شاہ شہر کے امیر پروفیسر اعجاز عالم ، ڈاکٹر عمران علی باجوہ ، محمد اسلم شیخ ، سکرنڈ کے امیر عاشق حسین سمیت ذمے داران و کارکنان جماعت اسلامی شریک تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنما ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق مقررہ وقت پر ہر سطح کے انتخابات ہوتے ہیں جس میں ارکان جماعت اسلامی کسی گروپنگ، لابنگ یا کنویسنگ کے بغیر اپنی رائے دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اقامت دین اور اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے تا کہ لوگ جو مہنگائی ، بے امنی اور حکومتوں کی کرپشن اور بد انتظامی کا شکار ہیں مسائل کے گرداب سے نکل کر پر امن زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پورے ملک میں ممبر سازی کی مہم چلا رہی ہے لاکھوں لوگ اس کے ممبر بن چکے ہیں اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے ان شاء اللہ اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ قبل ازیں نئے امیر ضلع طارق جاوید آرائیں نے اپنی امارت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔