اسلام آباد پر لشکرکشی کرکے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر لشکرکشی کرکے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، جس میں انہیں پی ٹی آئی احتجاج اور دھرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سرکاری املاک کے ساتھ سیکورٹی اداروں پر حملوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں تاریخی کرپشن اور اپنی حکومت بچانے کے لیے اسے دیوالیہ کرنے والوں کی مذموم سازشیں رچانے والے قانون کی گرفت میں آئے۔قانونی راستہ اختیار کرنے کے بجائے بار بار اسلام آباد کی طرف لشکر کشی کرکے ملک بھر میں انتشار کی فضا پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کیا گیا،یہ کیسے انقلابی ہیں جو اس ملک کی تباہی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں؟ اسلام آباد پر لشکر کشی کرنے والے شرپسند ٹولے کے خلاف فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شرپسند ٹولے کے منتشر ہوتے ہی اسٹاک ایکس چینج ایک لاکھ پوائنٹس کراس کر گئی اس انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں کے نتیجے میں ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ملک کو معاشی نقصان کے ذمہ دار انتشاری ٹولہ اور اس کے کرتا دھرتا ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ انتشاری ٹولے میں شرپسند عناصر کی فوری شناخت کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ اسلام آباد یا ملک کے کسی بھی شہر پر ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے لشکر کشی کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائےآئندہ ایسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے۔