پنجاب پولیس کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی تیاریاں شروع
پنجاب پولیس نے 2025ء میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی سیکیورٹی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز کی سیکیورٹی کے لیے 12,564 افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، اور اس حوالے سے فوج اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔ تمام کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا جائے گا تاکہ ان کی سیکیورٹی کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کی حتمی تفصیلات جلد ہی طے کر لی جائیں گی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے تمام روٹس کی نگرانی بھی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان اور یو اے ای میں شیڈول ہے، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔