ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل 10 کیلئے کراچی کنگز کے کپتان مقرر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز نے اپنی قیادت کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔
کراچی کنگز نے 2025 کے پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ میں اپنی پہلی باری میں ڈیوڈ وارنر کو پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، بائیں ہاتھ کے اس دھواں دار بلے باز کو ان کی شاندار قائدانہ صلاحیتوں اور میچ وننگ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ ہم ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز فیملی میں بطور کپتان خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی قیادت اور میچ جتوانے کی صلاحیت ہماری ٹیم کے وژن سے مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہے۔
کراچی کنگز پی ایس ایل 10 میں اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی، ٹیم کے مداحوں کو امید ہے کہ وارنر کی قیادت میں کراچی کنگز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔