ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نیا امیگریشن نظام: پاکستان سے امارات جانے والے مسافروں کے لیے بڑی سہولت

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مسافروں کے لیے امیگریشن عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، باہمی تعاون اور امیگریشن نظام میں بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کا آغاز ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر کیا جائے گا، جس کا پہلا مرحلہ کراچی سے شروع ہوگا۔ حکام کے مطابق پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو بتدریج دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پری امیگریشن کلیئرنس کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور متعلقہ کلیئرنس پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی۔ اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافروں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا، جس سے وقت اور سہولت دونوں میسر آئیں گے۔

محسن نقوی کے مطابق اس اقدام کے بعد مسافر ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام نہ صرف سفر کو آسان بنائے گا بلکہ مجموعی سفری تجربے کو بھی بہتر کرے گا، خاص طور پر ان پاکستانیوں کے لیے جو روزگار، کاروبار یا دیگر مقاصد کے لیے یو اے ای کا سفر کرتے ہیں۔

یو اے ای کے وفد نے اس منصوبے کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد کے مطابق انتظامی اور تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کے درمیان رابطہ کاری جاری رہے گی۔ ملاقات میں یو اے ای کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ وزیرِ مملکت برائے داخلہ اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں