اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اتحاد کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کا بنیادی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ کی بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔
اجلاس کے فیصلے کے بعد اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے کے باہر دوبارہ دھرنا دے دیا اور نعرے بازی کی۔