ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول، اسٹیٹ بینک نے تصدیق کردی، زرمبادلہ ذخائر مستحکم

کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ ذخائر کو فوری طور پر سہارا ملا ہے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فنڈز 15 اپریل 2026 کو سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ مالی معاونت ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں اور مالیاتی ذمہ داریوں کا سامنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس رقم سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں گے بلکہ معیشت پر فوری دباؤ میں بھی کمی آئے گی، جس سے مالیاتی استحکام کو تقویت ملے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جو پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کو رواں ماہ 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی متوقع ہے، جو سرکاری ذخائر کا ایک بڑا حصہ ہے، تاہم سعودی معاونت کے باعث اس ادائیگی کا اثر کم ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹس کو بھی طویل مدت کے لیے رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے پاکستان کے بیرونی کھاتے کو مزید استحکام ملے گا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کی مالی ساکھ کو بہتر بنانے اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

حکومتی حلقوں کے مطابق سعودی تعاون پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے اور اس سے معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کا مظہر بھی قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید وسعت اختیار کر سکتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں