نیویارک : سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی بحری آمد و رفت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھولنا درست سمت میں ایک اہم قدم ہے، جس سے عالمی تجارت کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ بین الاقوامی بحری راستوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے اور تمام فریقین کو اس اصول کی پابندی کرنی چاہیے۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سہولت کاری جاری مذاکرات کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے۔
سیکرٹری جنرل کے مطابق جنگ بندی کے ساتھ یہ پیش رفت فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور امید ہے کہ اس سے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔