لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے ایک اہم اور فوری نوعیت کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشنرز کو پنشن 30 اپریل کو ہی ادا کی جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ یکم مئی سے 3 مئی تک آنے والی سرکاری تعطیلات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو بروقت مالی سہولت فراہم کی جا سکے اور کسی قسم کی تاخیر یا انتظامی مشکلات سے بچا جا سکے،تعطیلات کے دوران بینکنگ اور مالی لین دین متاثر ہونے کے خدشے کے باعث پیشگی ادائیگی کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں صوبے بھر کے تمام اکاؤنٹس افسران کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا عمل ہر صورت 30 اپریل تک مکمل کیا جائے اور کسی بھی سطح پر تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ وہ طویل تعطیلات کے دوران اپنی روزمرہ ضروریات باآسانی پوری کر سکیں۔ اس فیصلے سے لاکھوں افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔