ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

علیمہ خان کی پارٹی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت، عمران خان کے علاج کا مطالبہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں اور رہنماؤں کو منگل کے روز اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی جیل آمد کا مقصد حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ عمران خان سے فوری ملاقات ممکن بنائی جا سکے۔

علیمہ خان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے وکلاء اور اہل خانہ کی فوری ملاقات کروائی جائے اور انہیں علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، جہاں ذاتی معالج، ماہر ڈاکٹروں اور اہل خانہ کی موجودگی میں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر سے اپیل کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر فوری سماعت مقرر کی جائے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی سمیت دونوں رہنماؤں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو تنہائی میں قید رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ان کے مطابق اس معاملے میں فوری انصاف ضروری ہے۔

خیال رہےکہ  عمران خان کو اگست 2023 میں توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات کے سلسلے میں جیل منتقل کیا گیا، جس کے بعد ان کی حراست اور رہائی کا سلسلہ مختلف عدالتی فیصلوں کے باعث جاری رہا۔

ان کے خلاف احتساب، دہشت گردی، توہین عدالت، سائفر کیس اور دیگر الزامات سمیت درجنوں مقدمات زیر سماعت ہیں۔ بعض کیسز میں سزائیں بھی سنائی گئیں، مختلف عدالتوں میں اپیلوں اور فیصلوں کے باعث کئی سزائیں معطل یا کالعدم ہو چکی ہیں جبکہ متعدد مقدمات ابھی زیر سماعت ہیں۔

9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج ہوئے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔

عدالتوں کی جانب سے بعض رہنماؤں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں، کئی کیسز ابھی زیر سماعت ہیں اور متعدد میں اپیلیں بھی دائر ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں