جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں پاک فوج کی ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے ناکام خودکش حملے میں 7 شہری زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، ہائی الرٹ فوجی دستوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق گاڑی اور خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ سے فاصلے پر ہی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا اور حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا کے ایم ایس ڈاکٹر جان محمد کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 7 شہریوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں صورتحال کنٹرول میں ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔