ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

خیبر پختونخوا حکومت کا وفاقی امتیازی رویے کیخلاف کل صوبے بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے ساتھ روا رکھے جانے والے مبینہ امتیازی سلوک کے خلاف کل صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس سے دفتری امور متاثر ہوں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق این ایف سی ایوارڈ کی ادائیگی، بجلی اور گیس کی فراہمی جیسے اہم قومی امور میں جان بوجھ کر صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے جو ناقابل قبول عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 6 مئی کو صوبے بھر میں تمام سرکاری دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی تاکہ وفاق کو صوبائی حقوق کے لیے عملی اقدامات کرنے پر مجبور کیا جا سکے، تاہم ہڑتال سے ایمرجنسی سروسز مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو جیل میں ان کے ذاتی معالجین کی زیر نگرانی علاج کی بنیادی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ہے، جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور طبی اصولوں کے منافی اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو ان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم کے وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر قانونی اور غیر انسانی رویہ ہے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ان کے بنیادی آئینی حقوق کو یقینی بنائے۔

صوبائی حکومت نے وفاق پر الزام عائد کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبر پختونخوا کا حصہ روکنا صوبے کی ترقی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، اس کے علاوہ گیس اور بجلی کے طویل تعطل نے بھی عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ صوبائی حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اگر وفاق نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا سکتا ہے تاکہ مطالبات مانے جائیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں