واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران سے متعلق جاری کشیدگی پر کھل کر اظہارِ خیال کیا اور اپنی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا ہے جبکہ مزید دو تنازعات بھی حل ہونے کے قریب ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بھی رکوانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانیں بچائی گئیں، وہ جنگ کے بجائے تجارت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں اور عالمی امن کے لیے یہی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
امریکی صدر نے ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو پوری دنیا خطرے میں پڑ جائے گی، اس صورت میں نہ صرف مشرقِ وسطیٰ غیر محفوظ ہو جائے گا بلکہ اسرائیل کے لیے بھی شدید خطرات پیدا ہو جائیں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا اور اس سلسلے میں پہلے ہی مؤثر کارروائیاں کی جا چکی ہیں، امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی جوہری صلاحیت کو نشانہ بنا کر اسے تباہ کر دیا گیا ہے۔