چین کے صوبہ ہنان میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز لیو یانگ شہر میں پیش آیا، جو آتش بازی کی صنعت کا ایک اہم مرکز مانا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں اور اس کے بعد فضا میں دھویں کے گہرے بادل چھا گئے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ حکام نے کمپنی کے ذمہ دار فرد کو حراست میں لے کر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی ہے۔
صدر شی نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور اہم صنعتوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا بہتر تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔