کراچی کے علاقے پاک کالونی میں میوہ شاہ قبرستان کے قریب واقع ایک نجی کلینک میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کلینک میں صفائی کا کام کرتا تھا اور واقعے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد کلینک پہنچے اور مقتول کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
شاہدین کے مطابق نوجوان نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی کراچی کے ایک نجی کلینک میں فائرنگ کے واقعے میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔