ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

لبنان: حزب اللہ کے حملے میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک

جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے مارٹر حملے میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 20 سالہ اسٹاف سارجنٹ نیگیو ڈیگن کے طور پر کی گئی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اپریل میں امریکہ کی ثالثی سے طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی علاقوں میں وقفے وقفے سے جھڑپوں، راکٹ حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث خطے میں صورتحال بدستور کشیدہ بنی ہوئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ مذکورہ اہلکار گولانی بریگیڈ کی بارہویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا، جو جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جاری عسکری کارروائیوں میں تعینات ہے، حملہ اس وقت پیش آیا جب ایک فوجی ٹیم جنوبی لبنان کے ایک دیہاتی علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف تھی، اسی دوران مارٹر گولہ آکر لگا جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شمالی علاقوں لوئر گلیلی اور کریات شمونہ کی طرف متعدد راکٹ داغے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ان حملوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم ابتدائی رپورٹس میں جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیل سامنے نہیں آسکی اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے ردعمل میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد راکٹوں اور بغیر پائلٹ فضائی آلات کو فضا میں ہی تباہ کردیا، جبکہ کچھ راکٹ کھلے علاقوں میں گر کر ناکارہ ہوگئے۔ فوج کے مطابق کوئی بھی راکٹ اپنے مطلوبہ ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔

مزید برآں اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان میں مختلف مقامات پر فضائی کارروائیاں کی گئیں، جن میں حزب اللہ کے متعدد جنگجوؤں کی ہلاکت اور اسلحہ ذخائر، کمانڈ مراکز، نگرانی کے مقامات اور دیگر عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ شامل ہے۔

ادھر جنگ بندی کے باوجود کشیدگی میں اضافے کے ساتھ ہی امریکا میں اسرائیلی اور لبنانی وفود کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی جاری ہے، جسے امریکی محکمہ خارجہ نے مثبت اور تعمیری قرار دیا ہے۔

لبنان کا مؤقف ہے کہ اسرائیل کو حملے فوری طور پر بند کرکے مکمل انخلا کرنا چاہیے، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنانی حکومت حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں ناکام رہی ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے ان براہ راست مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کے ہتھیار کسی بھی مذاکراتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بن سکتے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق رواں برس مارچ سے جاری جھڑپوں میں اب تک انیس اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ اپریل میں اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد چھ تک پہنچ گئی ہے، جس سے سرحدی صورتحال مزید حساس ہوتی جا رہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں