کراچی: کمشنر کراچی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی کے انتظامات سخت کرنے اور سڑکوں و کھلی جگہوں پر آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور انہیں مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔
فیصلے کے مطابق تمام اضلاع میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ویجیلنس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو صفائی کے عمل اور آلائشوں کی بروقت منتقلی کی نگرانی کریں گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سڑکوں پر آلائشیں پھینکنے یا ان کو غیر مناسب طریقے سے تلف کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
علاوہ ازیں شہریوں کی سہولت کے لیے کمشنر کراچی کی ریسکیو ہیلپ لائن 1299 پر آلائشوں سے متعلق شکایات درج کرانے کا نظام بھی فعال رکھا جائے گا تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔