انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ حکومت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے عوام، کاروباری شعبے اور مالیاتی منڈیوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
الجزیرہ نیوز کے مطابق صدر اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکیہ کی حکومت موجودہ علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور معیشت کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ عوام کے مفادات کا تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ترکیہ ہر ممکن اقدام اٹھا رہا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے منفی معاشی اثرات کو محدود رکھا جا سکے اور ملکی منڈیوں میں استحکام برقرار رہے۔
صدر اردوان کے مطابق حکومت توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبوں میں ممکنہ خطرات کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مختلف پالیسی اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔