ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عیدالاضحیٰ پر پنجاب حکومت صفائی ستھرائی کی روایت برقرار رکھے گی، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صوبائی حکومت صفائی ستھرائی کے حوالے سے اپنی روایتی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی بھرپور انداز میں شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دوران مویشی منڈیاں صرف مخصوص اور منظور شدہ مقامات پر ہی لگانے کی اجازت ہوگی، اور کسی بھی جگہ غیر قانونی منڈی قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام بیوپاریوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ نگرانی اور نظم و ضبط کے لیے خصوصی فورس بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کی صفائی کے نظام کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے ذیشان رفیق کو ایک اعلیٰ معیار کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے اور ان کی کارکردگی کو بطور مثال پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ پور کانجراں میں جدید طرز کی منڈی قائم کی گئی ہے جہاں بیوپاریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات میسر ہیں اور اب تک وہاں فراڈ یا چوری جیسے کسی واقعے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے نہ صرف گلی محلوں بلکہ مساجد اور امام بارگاہوں کو بھی عرقِ گلاب سے دھویا جائے گا تاکہ ماحول کو خوشگوار اور صاف ستھرا رکھا جا سکے۔

دوسری جانب ذیشان رفیق نے عید صفائی منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی آبادی تقریباً تیرہ کروڑ ہے اور اس بڑے پیمانے پر صفائی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید کے دوران بارہ لاکھ بیگ آلائشوں کے لیے فراہم کیے جائیں گے جبکہ صفائی آپریشن میں ایک لاکھ چوراسی ہزار صفائی ورکرز حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں چوبیس گھنٹے مسلسل صفائی آپریشن جاری رکھا جائے گا جس کے لیے ساٹھ ہزار مشینری اور گاڑیاں استعمال میں لائی جائیں گی۔ ہر یونین کونسل کی سطح پر صفائی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں جن کی مجموعی تعداد چار ہزار پانچ سو ہوگی تاکہ ہر علاقے میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔

ذیشان رفیق نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے لیے خصوصی کیمیکل، عرقِ گلاب اور دیگر جراثیم کش مواد وافر مقدار میں استعمال کیا جائے گا۔ ایک لاکھ پچاس ہزار فینائل کے پیکٹس اور چالیس ہزار لیٹر عرقِ گلاب صفائی مہم کا حصہ ہوں گے تاکہ صوبے بھر میں ماحول کو صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں