پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور فوج کی مخلصانہ کوششیں خطے میں دیرپا امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران سے واپسی پر انہیں فون کیا اور ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت پر مبارکباد دی۔
رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ثالثی کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، جبکہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی خلوص کے ساتھ سفارتی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور فوج کی سنجیدہ کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کر سکتی ہیں، جبکہ ایرانی مسلح افواج کی ثابت قدمی اور جراتمندانہ مزاحمت نے مذاکراتی عمل کو مزید مضبوط بنایا۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ بہادر ایرانی قوم کی مزاحمت نے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان کی ثالثی اور مخلصانہ سفارتی کوششیں بھی اس پیش رفت کا اہم سبب بنیں۔