ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

علی امین کے استعفے کا خط بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر لکھا گیا، شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی کی اندرونی صورتحال، خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق اہم اور تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر استعفیٰ دینے کا خط لکھا تھا جبکہ انہیں دوبارہ وزیراعلیٰ بحال کرنے کے لیے آئینی عدالت میں درخواست بھی دائر کی گئی۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے خط میں واضح طور پر تحریر کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی ایما پر وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے رہے ہیں، بعد میں سیاسی صورتحال تبدیل ہونے پر انہیں دوبارہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال کرانے کی کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حیثیت قانونی طور پر متنازع ہے اور ان کی وزارت اعلیٰ پر سوالیہ نشان موجود ہے، اس معاملے پر آئینی عدالت سے رجوع بھی کیا گیا تاکہ علی امین گنڈاپور کی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

شیر افضل مروت نے پارٹی کی موجودہ پالیسیوں اور قیادت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اب بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے سے پیچھے ہٹ چکی ہے، پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی حکمت عملی کو خود بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کی جانب سے محدود کیا گیا، جس کے باعث پارٹی عملی سیاست میں مؤثر کردار ادا نہ کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حالیہ فیصلوں سے پارٹی کو مسلسل سیاسی نقصان پہنچا ہے اور قیادت کی غلط حکمت عملی نے کارکنوں کو مایوس کیا۔

شیر افضل مروت نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے اسٹیبلشمنٹ سے روابط ہیں، انہوں نے زندگی میں کبھی کسی اسٹیبلشمنٹ کے فرد سے ملاقات تک نہیں کی اور نہ ہی کسی خفیہ رابطے کا حصہ رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں