ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حج بیت اللہ: رواں سال نیا عالمی ریکارڈ قائم، 17 لاکھ سے زائد عازمین نے فریضہ ادا کیا

ریاض: سعودی عرب کے محکمہ شماریات نے رواں سال حج کے باضابطہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سال دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 فرزندانِ اسلام نے فریضۂ حج ادا کیا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 165 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 15 لاکھ سے زائد غیر ملکی حجاج کرام سعودی عرب پہنچے، جن میں مملکت میں مقیم غیر ملکی مسلمان بھی شامل تھے۔

سعودی حکام کے مطابق رواں سال حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سفری سہولیات میں بہتری کے باعث دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی شہریوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی فریضۂ حج ادا کیا اور ان کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ مرد اور خواتین حجاج کی تعداد بھی تقریباً متوازن رہی جہاں 8 لاکھ 93 ہزار سے زائد مرد جبکہ 8 لاکھ 13 ہزار سے زائد خواتین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

سعودی محکمہ شماریات کے مطابق زیادہ تر غیر ملکی حجاج فضائی راستے کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 14 لاکھ 85 ہزار عازمین نے ہوائی سفر اختیار کیا جبکہ ہزاروں افراد زمینی اور سمندری راستوں سے بھی مملکت میں داخل ہوئے۔

حج کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں نے منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور مسجد الحرام میں روح پرور اجتماعات میں شرکت کی۔ لاکھوں افراد نے اللہ کے حضور عبادات، دعاؤں اور توبہ و استغفار میں وقت گزارا جبکہ مسلم امہ کے اتحاد، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل نگرانی، جدید ٹرانسپورٹ اور طبی خدمات سمیت کئی جدید اقدامات کیے گئے جن کے باعث حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں