گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی مالاکنڈ اور مظفرآباد کے پہاڑی علاقوں اور جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ کے سنگینہ پہاڑ میں لگی آگ نے شدت اختیار کر لی، جس کے بعد مقامی مساجد سے شہریوں کو آگ بجھانے میں مدد کے لیے اپیلیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مالاکنڈ کی تینوں تحصیلوں کے مختلف پہاڑی سلسلے آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ بٹ خیلہ کے سنگینہ پہاڑ، درگئی کے جبن پہاڑ اور تحصیل تھانہ کے بایزی، آلہ ڈھنڈ ڈھیری اور زرکنڈی تنگے کے علاقوں میں لگنے والی آگ سے قیمتی درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب مظفرآباد کے نواحی پہاڑی جنگلات بھی آگ کی زد میں آ گئے ہیں۔
کنزرویٹر فاریسٹ میر نصیر کے مطابق شدید گرمی کے باعث چیڑ کے جنگلات میں قدرتی طور پر آگ لگنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو ضروری آلات اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے روایتی طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تیز ہواؤں اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔