مکہ مکرمہ: خانۂ کعبہ کے نئے غلاف کی حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خادم الحرمین الشریفین کی نیابت میں نیا غلافِ کعبہ کلید بردارِ کعبہ کے حوالے کر دیا گیا۔
تقریب کے دوران غلافِ کعبہ کی تیاری اور اس کی تبدیلی سے متعلق انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی نیا غلاف یکم محرم الحرام کو خانۂ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔
حکام کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں خصوصی ماہرین اور متعلقہ عملہ حصہ لے گا، جو انتہائی احتیاط اور منظم طریقہ کار کے تحت پرانے غلاف کو اتار کر نیا غلاف نصب کریں گے۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی اسلامی دنیا کا ایک اہم اور تاریخی مذہبی عمل سمجھا جاتا ہے، جسے دنیا بھر کے مسلمان عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ غلافِ کعبہ خصوصی سیاہ ریشم سے تیار کیا جاتا ہے جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کشیدہ کیے جاتے ہیں، جبکہ ہر سال محرم الحرام کے آغاز پر اسے تبدیل کیا جاتا ہے۔