آبنائے ہرمز میں امریکی جارحیت نے ایک اور جہاز کو نشانہ بنایا جو ایران جارہاتھا،امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کی جانب جانے والے ایک بحری جہاز کو ہیلفائر میزائل سے نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی اس وقت کی گئی جب گیمبیا کے پرچم بردار بحری جہاز ایم/وی لیان اسٹار ایران کی ایک بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا تھا اور بین الاقوامی پانیوں میں خلیج عمان کے علاقے سے گزر رہا تھا۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی فورسز نے جہاز کو متعدد وارننگز دیں اور خبردار کیا کہ وہ امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عملے کی جانب سے ہدایات پر عمل نہ کیے جانے کے بعد جہاز کے انجن روم کو ہیلفائر میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز کی پیش قدمی روک دی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران کم از کم 20 سے زائد وارننگز جاری کی گئیں، لیکن جہاز اپنی سمت تبدیل کرنے پر آمادہ نہ ہوا۔
سینٹ کام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں ایران جانے والے جہاز کو روکا گیا اور خطے میں موجود دیگر کمرشل جہازوں کو بھی راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا،مجموعی طور پر پانچ کمرشل جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ 116 بحری جہازوں کی سمت تبدیل کی گئی۔
واضح رہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی پہلے ہی بڑھتی ہوئی ہے اور عالمی توانائی کی ترسیل پر اس کے ممکنہ اثرات پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔