ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 فارورڈ بلاک کی باتیں بے بنیاد ہیں، بانی پی ٹی آئی ہی حکومت ختم کر سکتے ہیں، سہیل آفریدی

راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں فارورڈ بلاک کی خبروں کو محض پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دعوے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے کیے جا رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت مستحکم ہے اور اسے صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی ختم کر سکتے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ فارورڈ بلاک کی افواہیں اس وقت پھیلائی جا رہی ہیں جب وفاقی بجٹ آنے والا ہے،اصل مقصد یہ ہے کہ عوام کی توجہ ان معاشی فیصلوں سے ہٹا دی جائے جن کا براہِ راست اثر عوام پر پڑنے والا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کوئی نیا پیغام نہیں آتا، وہ اپنی ذمہ داریاں بطور وزیراعلیٰ انجام دیتے رہیں گے، عمران خان نے خود کہا تھا کہ اگر سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوں گے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس عہدے سے نہیں ہٹا سکتی۔

صوبائی بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ دستاویزات کابینہ سے منظور کرا لی ہیں اور آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا، حکومت نے سرپلس بجٹ پیش نہیں کیا بلکہ ایسے اقدامات تجویز کیے ہیں جن سے براہِ راست عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صحت، تعلیم، زراعت، نوجوانوں کی فلاح اور جنگلات کا تحفظ سرفہرست ہیں، بجٹ میں ایسے منصوبے شامل کیے جا رہے ہیں جو عوامی ضروریات کو پورا کرنے اور صوبے کی ترقی کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی بجٹ کے اثرات صرف صوبوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے، اس لیے ضروری ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ان کا معائنہ ان کی فیملی اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ہو سکے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی تو کم از کم عمران خان کے اہل خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت دی جانی چاہیے،بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج کے معاملے میں شفافیت ضروری ہے اور اس حوالے سے غیر ضروری رکاوٹیں نہیں ہونی چاہییں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں