ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 3 افریقی ممالک سے آنے والے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کا اجرا تاحکم ثانی معطل کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اماراتی شہریوں اور رہائشیوں کی صحت و سلامتی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قومی ہنگامی، بحران اور آفات انتظامی اتھارٹی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے شہریوں کے لیے تمام تر نئے ویزوں، بشمول وزٹ ویزوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے متحدہ عرب امارات میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، چاہے وہ کسی تیسرے ملک کے ذریعے ٹرانزٹ کر کے ہی کیوں نہ پہنچیں۔ ان سخت اقدامات کا مقصد ایبولا جیسی خطرناک بیماری کے ملک میں داخلے کے راستے بند کرنا ہے۔
حکام نے وضاحت کی کہ جو مسافر ان تینوں ممالک سے باہر کسی دوسرے مقام پر مسلسل 21 دن یا اس سے زائد عرصہ گزار چکے ہوں گے، انہیں اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ یہ افراد ضروری شرائط پوری کرنے کے بعد امارات میں داخل ہونے کے اہل ہوں گے۔
متحدہ عرب امارات میں ان پابندیوں کا نفاذ ہفتے کے روز سے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے مزید کہا ہے کہ عالمی سطح پر صحت کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات میں بہتری نہ آنے کی صورت میں ان پابندیوں میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔
پابندیوں کے باوجود متاثرہ ممالک اور امارات کے درمیان کارگو آپریشنز بدستور معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ حکام نے تصدیق کی کہ سامان کی ترسیل یا بین الاقوامی فضائی ٹرانزٹ پروازوں کو معطل نہیں کیا جائے گا تاکہ عالمی تجارت اور ترسیل کا عمل ہر صورت برقرار رہے۔
اماراتی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افریقا کے کچھ حصوں میں سامنے آنے والی طبی صورتحال پر حکومت گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے ایبولا کے خدشات پر اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کے تناظر میں یہ فیصلہ پوری طرح سے احتیاطی بنیادوں پر کیا گیا ہے۔