ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آزاد کشمیر حکومت کا جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ریاست میں انتشار پھیلانے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت کالعدم قرار دے دیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جموں کشمیر ایکشن کمیٹی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی سمیت ان تمام متبادل ناموں کو فرسٹ شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے تحت یہ تنظیم ریاست بھر میں اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے تھی۔

آزاد کشمیر کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے سیکشن 12 کے تحت کیے گئے اس فیصلے کی منظوری صدر آزاد جموں و کشمیر نے دی ہے۔ حکومتی دستاویز میں کہا گیا کہ اس تنظیم کے خلاف ریاست کے امن کو متاثر کرنے کے پختہ شواہد موجود ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق تنظیم پر یہ سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ یہ تنظیم عوام میں خوف و ہراس پھیلانے، معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس اجاگر کرنے اور نفرت کو فروغ دینے جیسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جس سے ریاستی نظم و ضبط شدید خطرے میں پڑ گیا تھا۔

نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کا آغاز کریں۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ وفاقی اور ریاستی اداروں کو آگاہی فراہم کر دی گئی ہے۔

مظفرآباد، پونچھ اور میرپور ڈویژن کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ فیلڈ میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور ضلعی پولیس کو بھی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مراسلے ارسال کر دیے گئے ہیں۔

حکومت نے اپنے مؤقف میں واضح کیا ہے کہ ریاست میں امن و امان اور عوامی تحفظ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ کسی بھی تنظیم یا گروہ کو ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں