سری نگر/جموں و کشمیر پولیس ملی ٹینسی کی حمایت کرنے والوں کا تعاقب کرے گی اور انہیں قانون کی پوری طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ انتباہ بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات نے دیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’ملی ٹینٹوں کے حامیوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔‘‘
پولیس یادگاری دن 2026 کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نلین پربھات نے جموں و کشمیر سے ملی ٹینسی کا مکمل خاتمہ کرنے اور اس کے معاون نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارا مقصد واضح ہے، جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی اور اس سے وابستہ ہر عنصر کی نشاندہی کرکے اسے مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنا۔‘‘
ملی ٹینٹوں کے حامیوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا، ’’اگر آپ زمین کے سب سے گہرے گوشوں میں بھی چھپنے کی کوشش کریں گے، تب بھی ہم آپ کو تلاش کر نکالیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آپ کو قانون کے مطابق سزا ملے۔‘‘
انہوں نے اتحاد، باہمی اعتماد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والی قوتوں کے خلاف چوکس رہیں۔
ڈی جی پی نے کہا، ’’تنوع میں اتحاد ہندوستان کی پہچان ہے اور سماجی ہم آہنگی جموں و کشمیر کی ترقی کی ایک اہم بنیاد ہے۔‘‘ انہوں نے امن برقرار رکھنے کے لیے جموں و کشمیر پولیس، فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔
سماجی تحفظ کے حوالے سے ڈی جی پی نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام، معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ اور متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایسے جرائم کی نگرانی اور روک تھام کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی اپیل کی۔
جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے پر زور دیتے ہوئے نلین پربھات نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ محض امن و قانون کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ ہمارے نوجوانوں کے مستقبل، خاندانوں کی فلاح و بہبود اور معاشرے کی اخلاقی طاقت کے تحفظ کا معاملہ ہے۔‘‘
ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ شہداء کو بہترین خراج عقیدت یہی ہوگا کہ ایک محفوظ، پُرامن، ہم آہنگ اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر کی جائے۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور انہیں مسلسل تعاون فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈی جی پی نلین پربھات نے جموں و کشمیر پولیس، فوج اور مرکزی مسلح پولیس فورسز کی بہادری، لگن اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کی کارروائیوں میں کامیابی اور حفاظت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments