بھٹ شاہ کے قریب زرعی زمین پر تلخ کلامی،راستہ روکنے اور فائرنگ کے الزامات، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی
ہالا کے مخدوم خاندان میں جائیداد کا تنازع شدت اختیار کرگیا، مخدوم فضل حسین اور بیٹے مخدوم محسن آمنے سامنے، بھٹ شاہ کے قریب تلخ کلامی اور فائرنگ کے الزامات سامنے آگئے۔
سندھ کے بڑے سیاسی خانوادے اور ہالا کے گدی نشین مخدوم خاندان کے درمیان جائیداد کا تنازع شدت اختیار کرگیا، جہاں مخدوم فضل حسین اور ان کے بیٹے مخدوم محسن آمنے سامنے آگئے۔ واقعے کے دوران مبینہ طور پر مسلح سکیورٹی گارڈز نے گاڑیوں کا راستہ روکا، جبکہ فریقین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
بھٹ شاہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مخدوم خاندان کے اہم رکن مخدوم فضل حسین اور ان کے بیٹے مخدوم محسن کے درمیان جائیداد کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، جبکہ دوسرے بیٹے مخدوم حسنین اپنے والد کا ساتھ دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز بھٹ شاہ کے قریب زرعی زمین پر مخدوم فضل حسین اپنے بیٹے مخدوم حسنین کے ہمراہ پہنچے، جبکہ دوسری جانب مخدوم محسن بھی اپنے سکیورٹی گارڈز کے ساتھ وہاں موجود تھے۔ دونوں باپ بیٹوں کی گاڑیاں آمنے سامنے کھڑی ہوگئیں اور سکیورٹی گارڈز بھی گاڑیوں کے آگے کھڑے ہوگئے۔
اس دوران مخدوم محسن، مخدوم حسنین اور مخدوم فضل حسین کے درمیان مبینہ تلخ کلامی ہوئی، جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔ تاہم، موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے جھگڑے کو ٹال دیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
مخدوم محسن کا مؤقف
پی ٹی آئی رہنما مخدوم محسن کے مطابق وہ صبح بھٹ شاہ کے قریب اپنی زرعی زمین پر پہنچے تھے، جو ان کے اور ان کے دادا کے نام پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخدوم حسنین اپنے والد کو ساتھ لے کر زمین پر پہنچے اور ان کا راستہ روکا۔
مخدوم محسن نے الزام عائد کیا کہ ان کے چھوٹے بھائی مخدوم حسنین والد کی بیماری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں ورغلا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کا احترام کرتے ہیں اور انہیں ان سے کوئی شکایت نہیں، تاہم مخدوم حسنین کے حوالے سے سخت الفاظ بھی استعمال کیے۔
مخدوم فضل حسین کے الزامات
دوسری جانب مخدوم فضل حسین نے اپنے بیٹے مخدوم محسن پر الزام لگایا کہ اس نے ان کا راستہ روکا اور شدید فائرنگ کی، جبکہ اس کے سکیورٹی گارڈز بھی اسلحے کے ساتھ ان کی گاڑی کے آگے کھڑے ہوگئے۔
مخدوم فضل حسین نے مزید کہا کہ پیٹرول پمپ سے لوٹ مار اور ملازمین پر تشدد کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرول پمپ ان کی ملکیت ہے اور کوئی شخص اپنی ہی جائیداد پر لوٹ مار کیسے کرسکتا ہے۔
مخدوم جمیل الزماں اور بھتیجے کے درمیان بھی تنازعے کی اطلاعات
ادھر ذرائع نے امت ڈیجیٹل کو بتایا کہ معاملہ صرف باپ بیٹے کے درمیان جائیداد کے تنازعے تک محدود نہیں، بلکہ ہالا کے گدی نشین، سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزماں اور ان کے بھتیجے کے درمیان بھی مبینہ طور پر تنازع چل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے کمشنر کو درخواست بھی موصول ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے شہر ہالا کا مخدوم خاندان اپنے سیاسی پس منظر اور وضعداری کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے قابل اعتماد ساتھی مخدوم امین فہیم بھی اسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔