چار ایک جیسی گاڑیاں، اطالوی پاسپورٹ اور بارڈر پرچارٹرڈفلائٹ: فلاویو بولسوناروکے فرار کی کہانی

صدارتی الیکشن ہارنے والے سینیٹرکے ملک چھوڑنے کا آپریشن

October 29, 2026 · امت خاص

فلاویو بولسونارو۔ تصویر: سوشل میڈیا

 

برازیل کے سینیٹر اور حال ہی میں صدارتی الیکشن ہارنے والے فلاویو بولسونارو نے سپریم کورٹ کے پاسپورٹ جمع کرانے کے حکم کو نظرانداز کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیا اور ٹرمپ انتظامیہ کے جاری کردہ ویزے پر براہ راست میامی پہنچ گئے۔ وال اسٹریٹ جرنل سمیت متعدد ذرائع نے اس دلچسپ اور منصوبہ بند فرار کی تفصیلات سامنے لائی ہیں۔

پیر کی رات برازیلیا سے نکلنے والا قافلہ چار حصوں میں تقسیم ہو ا۔ رپورٹرز اور حکام غلط گاڑیوں کا پیچھا کرتے رہے۔ اصل قافلہ سیکڑوں میل کا سفر طے کر کے ٹرپل فرنٹیئر (برازیل، ارجنٹینا اور پیراگوئے کی سرحدیں جہاں ملتی ہیں) کی طرف بڑھ گیا۔

رات دس بج کر پچاس منٹ پر فلاویو بولسونارو اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ساتھ پورٹو ایگوازو کا پل عبور کر کے ارجنٹینا داخل ہوئے۔ انہوں نے اطالوی پاسپورٹ استعمال کیا (جو انہیں 2023 میں ملا تھا)۔ وہاں انہیں ایک گلف اسٹریم جیٹ تک پہنچایا گیا، جس کے چارٹر میں ٹرمپ کے مشیر جیسن ملر سمیت قریبی حلقوں نے مدد کی تھی۔

رات بارہ بج کر اکیس منٹ پر طیارہ اڑان بھرا۔ ایکواڈور میں تیل بھرا گیا اور صبح تقریباً ساڑھے نو بجے وہ میامی کے اوپا-لوکا ایگزیکٹو ایئرپورٹ پر اترے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں داخلے کی منظوری دی، سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کے تحت ویزے جاری کیے گئے اور پورا خاندان امریکہ داخل ہو گیا۔

فلاویو بولسونارو نے بعد میں کہا کہ وہ فرار نہیں ہوئے بلکہ “برازیل کے لیے” ملک چھوڑا۔ وہ خود کو برازیل کا “لیڈر” قرار دے رہے ہیں اور اپوزیشن کی قیادت بیرون ملک سے کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان کے والد سابق صدر جائر بولسونارو 2022 کے الیکشن ہارنے کے بعد بغاوت کی سازش کے الزام میں جیل میں ہیں۔ نوجوان فلاویو کو بھی اسی قسم کے مقدمات اور قید کا خوف تھا۔

یہ واقعہ برازیل اور امریکہ کے تعلقات کو مزید کشیدہ بنا سکتا ہے۔ صدر لولا دا سلوا نے اس خفیہ روانگی پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ جنہیں چھپانے کو کچھ نہیں ہوتا انہیں ڈرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں