سرینگر کے بمنہ میں بھیانک آتشزدگی، 80 عارضی رہائشی ڈھانچے خاکستر، دو افراد جاں بحق

سرینگر/سرینگر کے بمنہ علاقے کے دربل میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھیانک آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 80 عارضی رہائشی ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے، جبکہ اس حادثے میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً 12 بج کر 23 منٹ پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے میں پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر عارضی ڈھانچے ترپال اور لکڑی سے تعمیر کیے گئے تھے۔
عہدیدار کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں ایک خالی پولٹری فارم اور ایک ٹپر گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جے وی سی اور راولپورہ فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹینڈرز کے علاوہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے صدر دفتر بٹہ مالو سے اضافی عملے کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جنہوں نے کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
عہدیدار نے بتایا کہ جب تک فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی، تب تک پورا علاقہ آگ کی لپیٹ میں آچکا تھا۔ آگ بجھانے کے بعد ملبے سے دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
مہلوکین کی شناخت 27 سالہ محمد نور عالم ولد عبد الوہاب، ساکن دہلی، حال مقیم دربل بمنہ، اور 16 سالہ الامین ولد محمد رفیع، ساکن دہلی، حال مقیم کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں علاقے میں کباڑ جمع کرنے کا کام کرتے تھے۔
عہدیدار کے مطابق فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لاشیں پولیس کے حوالے کردی گئیں۔ آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں