خیبر پختونخوا میں ادویات کی جانچ کے لیے 5جدید موبائل لیبارٹری وینز متعارف کروانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا میں ادویات کے معیار کی موقع پر جانچ کے لیے پانچ جدید موبائل ڈرگ اسپاٹ اسکریننگ لیبارٹری وینز متعارف کروائی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹوں میں ادویات کے معیار کی فوری جانچ ممکن ہو سکے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر کے مطابق موبائل لیبارٹری وینز کا افتتاح آئندہ ہفتے منگل کو گورنر ہاؤس میں کیا جائے گا۔ ان وینز میں جدید ایف ٹی آئی آر اور رامن ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جس کی مدد سے ادویات کی کیمیائی ساخت اور طاقت کا فوری تجزیہ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل لیبارٹریز صوبے کے مختلف ڈویژنز میں تعینات کی جائیں گی، جہاں ڈرگ انسپکٹرز مارکیٹوں میں ہی ادویات کی جانچ کر سکیں گے۔ مشکوک ادویات کے نمونے مزید تفصیلی تجزیے کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پشاور بھجوائے جائیں گے۔

نگار جوہر کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ جدید موبائل لیبارٹریز صوبے کے ڈرگ ریگولیٹری نظام کو مؤثر بنانے اور ادویات کے معیار کی نگرانی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں