مجوزہ ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کے خلاف کرگل میں مکمل ہڑتال، معمولاتِ زندگی مفلوج

کرگل/کرگل ضلع میں کرگل ڈیموکریٹک الائنس (KDA) اور مختلف سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئے۔یہ ہڑتال یونین ٹیریٹری انتظامیہ کی جانب سے سخت سردیوں کے دوران لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (LAHDC) کے انتخابات منعقد کرانے کی مجوزہ منصوبہ بندی کے خلاف بطور احتجاج کی گئی۔
ہڑتال کے دوران کرگل قصبے سمیت دراس، سانکو اور زنسکار کے علاقوں میں دکانیں، تجارتی ادارے اور نجی دفاتر مکمل طور پر بند رہے، جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بڑی حد تک غائب رہی۔ اس دوران ضلع ہیڈکوارٹر کی سڑکیں دن بھر سنسان نظر آئیں۔احتجاجی ہڑتال کو مقامی سیاسی قیادت کی حمایت بھی حاصل رہی۔
رکن پارلیمان حاجی حنیفہ جان نے بھی کے ڈی اے کے نمائندوں کے ساتھ مجوزہ شیڈول کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سخت موسمی حالات میں انتخابات کا انعقاد مناسب نہیں ہے۔مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شدید سردی، نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت اور بھاری برف باری کے باعث لوگوں کی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے، جبکہ آبادی کا ایک بڑا حصہ سردیوں کے دوران عارضی طور پر نسبتاً گرم علاقوں کی طرف نقل مکانی کرجاتا ہے۔
ہڑتال سے قبل مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ڈی اے کے نمائندوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سخت سردیوں میں انتخابات کرانے سے ووٹنگ کا تناسب کم رہے گا اور ہزاروں افراد اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال سے محروم ہوسکتے ہیں۔اتحاد نے جاری حدبندی کے عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انتخابات کا شیڈول سازگار موسمی حالات تک ملتوی کیا جائے۔کے ڈی اے نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے مجوزہ کونسل انتخابات ملتوی کرنے اور حدبندی سے متعلق مسائل حل کرنے کے مطالبات پر توجہ نہیں دی تو آنے والے ہفتوں میں احتجاجی سرگرمیوں میں مزید شدت لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں شمع بردار جلوس اور دیگر پُرامن احتجاجی پروگرام منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں