عدالت میں پیشی سے گریز، دھمکیاں دینے پر گرفتاری عمل میں آگئی
بھگڈر کیس میں بھی ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ
ڈسکہ روڈ پر منعقدہ ایک مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے کے تناظر میں عدالتی اور پولیس کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ڈسکہ کی عدالت نے ڈسکہ روڈ پر منعقدہ تقریب کے مقدمے میں نامزد معروف ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر منسوخ کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مذکورہ ملزم نے 10 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی تاہم وہ مقررہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
دس نومبر سے ایک دن پہلے پولیس نے انہیں ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا۔ یہ مقدمہ مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا۔
ڈسکہ کے فراز گراؤنڈ میں ہونے والی اس تقریب کے دوران مچنے والی بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہو گئے تھے، جس کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ موترہ میں درج کیا گیا تھا۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد ریحان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔
تھانہ صدر ڈسکہ میں درج مقدمے کے متن کے مطابق، جاں بحق ہونے والے ریحان کے بہنوئی ابوبکر کی مدعیت میں درج کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم کی ایماء پر مسلح افراد متاثرہ گھر پہنچے اور مقدمے میں صلح کرنے نیز ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ انکار کرنے پر اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔