گوگل فار ایجوکیشن کی جانب سے ٹیک ویلی کو بہترین شراکت داری کے اعتراف میں ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم ادارے ٹیک ویلی کو گوگل فار ایجوکیشن کی جانب سے ایشیا پیسیفک ریجن کے سب سے بڑے شراکت داروں کے اجتماع ’’گوگل پارٹنر سمٹ اے پی اے سی 2026‘‘ میں بہترین شراکت داری کے اعتراف میں ایوارڈ آف اپریسی ایشن سے نوازا گیا ہے۔ سنگاپور میں منعقدہ تقریب کے دوران ٹیک ویلی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز وصول کیا۔
یہ اعزاز پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبے کے تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی ممکن بنانے کے لیے ٹیک ویلی کی خدمات کا اعتراف ہے۔ ادارے نے گوگل فار ایجوکیشن کے اشتراک سے ملک بھر کے اسکولوں، جامعات، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات اپنانے میں معاونت فراہم کی، جبکہ اساتذہ، طلبہ اور پیشہ ور افراد کو ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے لیے ضروری مہارتوں سے بھی آراستہ کیا۔ اس کے علاوہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کے لیے سستے کروم بکس کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔
ٹیک ویلی کی کوششیں صرف ٹیکنالوجی تک رسائی تک محدود نہیں رہیں بلکہ ادارے نے اس کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں اور دفاتر میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کے ساتھ والدین، اساتذہ اور بچوں میں انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی کام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ٹیک ویلی کے بانی اور سی ای او عمر فاروق نے کہا کہ یہ اعزاز ان تمام اساتذہ، طلبہ، والدین اور اداروں کی مشترکہ کامیابی ہے جنہوں نے تعلیمی اداروں اور گھروں میں ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے ٹیک ویلی پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا بنیادی مقصد پاکستان میں ٹیکنالوجی کو چند مخصوص طبقات تک محدود رکھنے کے بجائے ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی، محفوظ اور مفید بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل فار ایجوکیشن کی جانب سے علاقائی سطح پر اس اعتراف سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور یہ اعزاز ہمیں مزید آگے بڑھنے اور بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ ان پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک بھی جدید ٹیکنالوجی پہنچانے کے عزم کو مضبوط کرتا ہے جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
ٹیک ویلی نے گوگل فار ایجوکیشن کے مسلسل اعتماد اور تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، تعلیمی اداروں، صنعت، سول سوسائٹی اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کو ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس، محفوظ اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔