اہم پیش رفت، آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی، عالمی منڈی متاثر ہونے کا خدشہ۔
آبنائے ہرمز کا ایک منظر جہاں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز کے جنوبی علاقے میں ایک چٹان پر نصب امریکی بحری نیویگیشن سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا الزام ہے کہ امریکا ان نیویگیشن سسٹمز کو تیل کی مبینہ سمگلنگ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ ایرانی بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان سسٹمز کو کس طریقے سے نشانہ بنایا گیا، انہیں کتنا نقصان پہنچا یا کارروائی میں کون سے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ بیان کے مطابق یہ دونوں ٹینکرز اس راستے سے گزر رہے تھے جسے ایران نے غیر مجاز قرار دیا تھا۔ ایرانی حکام نے ٹینکرز کے نام، ان کی ملکیت، آگ لگنے کے بعد کی صورتِ حال یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
امریکہ کی جانب سے ان الزامات یا ایرانی کارروائی کے دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان واقعات کی آزادانہ تصدیق بھی تاحال دستیاب نہیں ہے۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا بھر کے لیے تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی بڑی مقدار ترسیل کی جاتی ہے۔ اس حساس علاقے میں کسی بھی فوجی کارروائی یا بحری آمدورفت میں خلل سے عالمی توانائی منڈی شدید متاثر ہوسکتی ہے۔