سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر (SKUAST-K) کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صنعت کاری کی جانب قدم بڑھائیں اور محض ملازمت کے متلاشی بننے کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بنیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے اقدامات نہ صرف انہیں خود کفیل بنائیں بلکہ جموں و کشمیر کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
سکاسٹ کشمیرمیں مختلف بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا افتتاح کرنے کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے امید ظاہر کی کہ طلبہ اپنے ابتدائی اختراعی منصوبوں کو عملی شکل دے کر کسانوں کی ضروریات کے مطابق مؤثر حل تیار کریں گے، جس سے جموں و کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل ہوگی۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں زرعی علوم سے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع محدود تھے، تاہم کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران SKUAST-K میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
سنہا نے نو قائم شدہ ڈائریکٹوریٹ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو اپنے کاروباری منصوبے شروع کرنے کے لیے سازگار پلیٹ فارم فراہم کرے۔
طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیجوں کی جانچ، کولڈ چین پر مبنی اسٹارٹ اپس اور اسمارٹ ہیلتھ کیئر خدمات جیسے شعبوں میں کاروبار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات نوجوان فارغ التحصیل طلبہ کو خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ اقدام دوسروں کے لیے بھی روزی روٹی کمانے کے راستے کھولے گا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ SKUAST-K کے طلبہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے خیالات کو عملی حل میں تبدیل کرنے کے عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ہمیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ جموں و کشمیر دیکھنا ہے تو اس میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ SKUAST-K مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ یونیورسٹی اور زراعت کی تعمیر کے لیے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہی ہے۔‘‘
سنہا نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ کسی بھی ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کا حل زرعی یونیورسٹی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments